ویب ڈیسک: اعلیٰ عسکری حکام نے مختلف جامعات میں اساتذہ اور طلبہ سے بات چیت کی ہے۔پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے ملک کے مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ عسکری حکام نے اساتذہ و طلبہ سے خصوصی نشستیں بھی کیں۔
تفصیلات کے مطابق منگلا، ملتان، لاہور، کراچی، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز نے متعلقہ شہروں کی جامعات کا دورہ کیا۔ان ملاقاتوں کا مقصد نوجوان نسل کو ملک میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔کور کمانڈرز نے طلبہ و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی، علم، اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی ترغیب دی۔
عسکری حکام نے طلباء پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں فعال کردار ادا کریں۔
کور کمانڈرزنے طلبہ کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کی ہدایت کی۔کور کمانڈرز نے طلباء کو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی بھی تلقین کی۔
کورکمانڈرلاہور کا کہنا تھا کہ"آپریشن بنیان مرصوص" قوم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی علامت ہے۔لاہور میں طلبہ کی تیار کردہ "معرکۂ حق" سے متعلق پینٹنگز کا مشاہدہ کیا گیا۔ کورکمانڈر نے مزید کہا کہ حالیہ پاک-بھارت جنگ نے جدید علوم و ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
کور کمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ طلباء ہمارے ضمیر اور کل کے معمار ہیں۔ نوجوان نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔پاکستان اپنی سلامتی ، وقار اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
کور کمانڈر کوئٹہ کی کوئٹہ کالج آف میڈیکل سائنسز اور نرسنگ انسٹیٹیوٹ کے طلبہ سے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔کور کمانڈر کوئٹہ نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور زمینی حقائق پر مبنی مؤثر گفتگو کی۔
کور کمانڈر کوئٹہ نے طلبہ و طالبات کی جانب سے کیے گئے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔
کور کمانڈر گوجرانوالہ نے طلباء کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ذمہ دار شہری بننے کا پیغام دیا۔
کور کمانڈر بہاولپور نے طلبہ و اساتذہ سے ملاقات میں "معرکۂ حق" اور قومی یکجہتی پر خصوصی گفتگو کی۔
کور کمانڈر بہاولپور نے معرکۂ حق کو افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔
عسکری حکام سے ملاقاتوں میں وائس چانسلرز، پرنسپلز، ڈینز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔