ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، مری، گلیات، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جب کہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد، لوئر دیر، کالام، مالم جبہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد اور مظفرآباد میں بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے سرد ترین مقامات میں لہہ منفی 3 ڈگری، اسکردو منفی 1 ڈگری اور بابوسر میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔