ویب ڈیسک: ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ دوبارہ فوجی تصادم کی صورت میں اس کا ردِعمل پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے غیر ملکی سفیروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ تنازع کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پابندیاں بھی مسئلے کا حل نہیں، جبکہ تنازع کا خاتمہ انصاف اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ فوجی تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ایران پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ اپنا دفاع کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی جواب کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ ہوا تو اسے مناسب سفارتی ذرائع کے ذریعے امریکا تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر کے اواخر میں آبنائے ہرمز سات روز میں دوبارہ کھولنے سے متعلق ایران کی تجویز مسترد کردی تھی۔