رمضان کے مہینے میں اشنا نے فیروز خان سے صلح کر لی

رمضان کے مہینے میں اشنا نے فیروز خان سے صلح کر لی
کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے رمضان المبارک کے مہینے میں پُرانی رنجشوں کو بھُلا کر اداکار فیروز خان سے صلح کر لی ہے ۔ حال ہی میں شادی کے خوبصورت بندھن میں بندھنے والی اداکارہ اشنا شاہ نے انسٹا گرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار فیروز خان کو ماہ رمضان کے صدقے معاف کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے اپنے جم ٹرینر اور فیروز خان کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک حدیث نبویﷺ کا ترجمہ بھی ساتھ میں شیئر کیا ، جس کے مطابق رمضان رحمت بخشش اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ۔ اس کے ساتھ اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے معاملے کو فیروز خان کے معاملے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی کہ جس میں کسی کو اس قدر ہراساں کیا جائے کہ وہ خود کو ہی نقصان پہنچا دے ۔ اشنا شاہ نے انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ جس کسی نے بھی مرحوم عامر لیاقت کی تکلیف سے آگاہ ہونے باوجود بھی انہیں ٹرول کیا تھا اور انہیں معاف نہیں کیا تھا ان سب کے سروں پر مرحوم کا خون ہے ۔ اداکارہ نے کہا کہ کسی عورت پر ظلم ہو تو اس کے حق میں آواز ضرور اُٹھانی چاہیے مگر مرد کو خود ہی سزا دینے کا کسی کو بھی اختیار نہیں ہے ۔ اشنا شاہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اب کبھی بھی کسی قسم کی سوشل میڈیا مہم کا حصہ نہیں بنیں گی کہ جس سے کسی کو دُکھ پہنچے ساتھ ہی اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں فیروز خان کے معاملے میں زبردستی اُلجھایا گیا تھا ۔ خیال رہے کہ ادکار فیروز خان نے اپنے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات لیک کرنے پر معافی مانگ لی تھی جس کے بعد ہی اداکار منیب بٹ نے بھی فیروز خان سے صلح کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔