ویب ڈیسک: (دانش منیر)سابق چیف سیکرٹری پنجاب جی ایم سکندر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی نمازجنازہ آج شام بحریہ ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے انتہائی خوش اخلاق ملنسار عاجزی اور انکساری کیساتھ پیش آنے والے جی ایم سکندر نے داعی اجل کو لبیک کہہ دیا۔ وہ کئی دنوں سے علیل تھے۔
سابق چیف سیکرٹری پنجاب جی ایم سکندر کا تعلق گلگت سے تھا۔ وہ بیوروکریسی اور سیاسی حلقوں میں اچھی شہرت رکھتے ہیں۔ جی ایم سکندر پنجاب کے متعدد اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری سروسز اور پنجاب کے دو وزرائے اعلیٰ کے ساتھ بطور پرنسپل سیکرٹری بھی کام کر چکے ہیں۔
2018 میں وفاقی حکومت کی تشکیل کے بعد جی ایم سکندر کو گورنر گلگت بلتستان مقرر کرنے کے لیے بھی نام زیر غور رہا ہے۔ آج شام پانچ بجکر 30منٹ مسجد الحسین بحریہ ٹاؤن میں انکی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔