ویب ڈیسک: انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹر جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
بٹلر نے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں مانچسٹر سپر جائنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے ویلش فائر کے خلاف دھواں دار اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
واضح رہے کہ دی ہنڈرڈ کی ایک اننگز 20 اوورز کے مساوی تصور کی جاتی ہے، اسی لیے اس کے رنز اور اعداد و شمار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مجموعی ریکارڈز میں شامل کیے جاتے ہیں۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد جوز بٹلر کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں رنز کی مجموعی تعداد 521 میچز میں 14 ہزار 833 ہو گئی، جبکہ کیرون پولارڈ نے 746 میچز میں 14 ہزار 803 رنز اسکور کیے تھے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ اس کامیابی پر انہیں بے حد فخر ہے۔ ان کے بقول، "ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا بیٹر بننا میرے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔ یقیناً مستقبل میں کوئی نہ کوئی یہ ریکارڈ بھی توڑ دے گا۔"
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے، جبکہ انگلینڈ کے جیمز وینس 14 ہزار 449 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے، جنہوں نے 557 میچز میں 13 ہزار 571 رنز اسکور کیے ہیں۔