ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے 190ملین پاونڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے عمل درآمد کے لیے نوٹس دوبارہ جاری کر دیا۔
تفصیلا ت کے مطابق جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت پیش کیا گیا لیکن بشریٰ بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں۔ ملزمان کی جانب سے آج بھی 342 کے سوالناموں پر جواب داخل نہ کروائے گئے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی پیر 9دسمبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس آئین قانون کے ساتھ جاری کھلواڑ کا نوٹس لیں اور ڈی چوک فائرنگ پر فوری نوٹس لیا جائے، چیف جسٹس عدلیہ کے احکامات کی بے توقیری کرنے کا بھی نوٹس لیں۔