ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابراعظم کا موبائل فون گم ہوگیا ہے جس میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے اہم شخصیات کے ساتھ رابطہ نمبرز اور ڈیٹا بھی موجود ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز بابراعظم نے اپنے مداحوں اور فالورز کو مطلع کیا کہ ’میں نے اپنا فون اور تمام رابطے کھو دیے ہیں، جیسے ہی مجھے یہ مل جائے گا، میں واپس رابطے پر آ جاؤں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بابراعظم کی پوسٹ پر ان کے مداح اور عوام الناس تشویش میں مبتلا ہیں اور ملے جلے تاثرات شیئر کر رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین خاص طور پر ملک بھر میں مشہور آن لائن شخصیات سے متعلق حالیہ ڈیٹا لیکس کی روشنی میں بابراعظم کے لیے بھی پریشان ہیں۔
حالیہ مہینوں میں اہم شخصیات کی لیک ہونے والی تصاویر، ویڈیوز اور ریکارڈنگز کی لہر نے پاکستان میں ڈیجیٹل سیکیورٹی کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ بابر اعظم کی ہائی پروفائل حیثیت کو دیکھتے ہوئے بہت سے لوگوں کو خدشہ ہے کہ بابراعظم کے موبائل کا کوئی بھی ڈیٹا جلد منظر عام پر آ سکتا ہے۔