(ویب ڈیسک) چینی آٹو موبائل کمپنی بی وائی ڈی (BYD) کے لگژری ڈویژن 'یانگ وانگ' (Yangwang) کی الیکٹرک ہائپر کار U9 Xtreme نے 503.17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوشربا رفتار پکڑ کر دنیا کی تیز ترین پروڈکشن کار کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس شاندار کارنامے کے ساتھ اس الیکٹرک کار نے تاریخ میں پہلی بار 500 کلومیٹر فی گھنٹہ کا بیریئر توڑ دیا ہے۔
ریکارڈ ساز رن اور گنیز و ایف آئی اے کی توثیق:
یہ رفتار یکم نومبر کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے الظفرہ ریجن میں واقع شیخ خلیفہ بن زاید انٹرنیشنل روڈ (E11) کے بند ٹریک پر حاصل کی گئی۔اس تاریخی دوڑ کو گنیز ورلڈ ریکارڈز اور موٹر اسپورٹ کی عالمی تنظیم 'ایف آئی اے' (FIA) دونوں نے باضابطہ تسلیم کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دو باضابطہ ٹائٹلز کی تصدیق کی: کسی بھی پروڈکشن کار کی سنگل ڈائریکشن میں تیز ترین رفتار، اور تیز ترین الیکٹرک پروڈکشن کار کا نیا عالمی اعزاز۔
✨????????BYD YANGWANG U9 Xtreme has reached a flashing 503.1 km/h in Abu Dhabi. The world’s fastest production car just got even faster! https://t.co/AjT9eC8k9M
— ????????XuZhenqing徐祯卿 (@XueJia24682) November 6, 2026
کار کو جرمن ریسنگ ڈرائیور مارک باسینگ (Marc Basseng) نے ڈرائیو کیا، جنہوں نے اس سے قبل 2025 میں جرمنی میں 496.22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا پچھلا ریکارڈ بنایا تھا۔
3,000 ہارس پاور اور غیر معمولی طاقت:
یانگ وانگ U9 Xtreme چار برقی موٹرز سے لیس ہے جو مجموعی طور پر تقریباً 3,000 ہارس پاور پیدا کرتی ہیں۔یہ طاقت اس کی حریف الیکٹرک کاروں لوٹس ایویجا اور ریماک نیویرا کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے، جبکہ سابق ریکارڈ ہولڈر بگاٹی شیرون سپر اسپورٹ (Bugatti Chiron Super Sport) سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔
کار میں تھرمل مینجمنٹ کے لیے روایتی 400 یا 800 وولٹ کے بجائے جدید 1,200 وولٹ آرکیٹیکچر اور بی وائی ڈی کی معروف لیتھیم آئرن فاسفیٹ 'بلیڈ بیٹری' ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
اوور نائٹ تیاری اور ٹریک ایڈجسٹمنٹس:
ریکارڈ بنانے سے قبل 4.35 میل طویل سڑک کو باریکی سے صاف اور چیک کیا گیا۔ 31 اکتوبر کو ابتدائی رنز میں کار 490 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچی تھی۔
انجینئرز نے رات بھر بیٹری اور موٹر کے درجہ حرارت پر کام کیا، ڈاؤن فورس بڑھانے کے لیے ریئر ونگ کو ایڈجسٹ کیا، سسپنشن کو درست کیا اور ٹائر پریشر کو باریک بینی سے فائن ٹیون کیا۔
ریکارڈ ساز رن کے لیے 'جیٹی ٹائر' (Giti Tire) اور یانگ وانگ کے اشتراک سے تیار کردہ خصوصی سیمی سلک ٹائرز کا استعمال کیا گیا۔
محدود پروڈکشن:
کمپنی کے مطابق اس ماڈل کی پروڈکشن صرف 30 یونٹس تک محدود رکھی جائے گی، جس کی باقاعدہ تیاری جلد شروع ہو رہی ہے اور کئی خریداروں نے اپنے کسٹم ڈیزائن بھی فائنل کر لیے ہیں۔