ویب ڈیسک: فرانس کے وزیراعظم سیبسٹین لاکورنو نے عہدہ سنبھالنے کے صرف 26 روز بعد ہی استعفیٰ دے دیا، جسے صدر ایمانوئل میکرون نے منظور کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق سیبسٹین لاکورنو کو گزشتہ ماہ 10 ستمبر کو وزیراعظم نامزد کیا گیا تھا۔ وہ صدر میکرون کے قریبی ساتھی اور سابق وزیردفاع تھے، جنہیں سیاسی بحران کے بعد نئی حکومت تشکیل دینے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
تاہم محض چند ہفتوں بعد ہی لاکورنو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد فرانس ایک بار پھر سیاسی غیر یقینی کا شکار ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2025 میں سابق وزیراعظم فرانسوا بائرو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔ ان کی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی فرانسیسی جمہوری تاریخ میں تیسری بار پارلیمنٹ نے کسی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
سیاسی ماہرین کے مطابق فرانسیسی حکومت کا بار بار تبدیل ہونا ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم اور صدر میکرون کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔