ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء منایا جا رہا ہے
کیپشن: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء 6 ستمبر کو بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، جب کہ لاہور سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ دن ہے جو جرات، اتحاد اور قربانی کی علامت ہے۔ 1965ء کی جنگ میں جس ناقابلِ تسخیر جذبے نے دشمن کو شکست دی، وہ آج بھی زندہ ہے۔

انہوں نے حالیہ ملکی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور مسلح افواج ایک بار پھر آہنی دیوار بن کر کھڑے ہوئے، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تزویراتی ویژن نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

وزیراعظم نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف اور ایئر چیف نے 1965ء کی جنگ کے شہداء کو سلام پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر ہماری عسکری تاریخ کا روشن باب ہے، جب بہادر سپاہیوں نے قوم کی پشت پناہی کے ساتھ دشمن کی کھلی جارحیت کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑی دشمن فورسز کو شکست دی، اور آج کے دن پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہمارے نڈر ہیروز کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ افواجِ پاکستان ہمیشہ دشمن کی ہر جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے۔

Watch Live Public News