(ویب ڈیسک ) بھارتی صحافی مکیش چندراکر کے سنگ دل قاتل جو ان کا قریبی رشتہ دار اور ٹھیکیدار ہے کو ڈرائیور کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا ۔
مکیشن چندراکر بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بدعنوانی پر رپورٹنگ کے لیے معروف تھے۔ انہیں انتہائی بے دردی سے قتل کرکے لاش کو ایک سیپٹک ٹینک میں ڈال دیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ان کے جسم پر شدید زخموں کے نشانات تھے۔ بیجاپور میں سڑک کی تعمیر سے وابستہ ایک ٹھیکیدار کے احاطے میں سیپٹک ٹینک میں ان کی لاش جمعہ کو ملی تھی۔
صحافی کے پوسٹ مارٹم میں قتل کی سنگین نوعیت کا انکشاف ہوا، مقتول کے سر میں 15 فریکچر تھے، گردن ٹوٹی ہوئی تھی اور ان کا دل چیر دیا گیا تھا۔
جن ڈاکٹروں نے 28 سالہ صحافی کا پوسٹ مارٹم کیا، بتایا کہ انہوں نے جگر کے چار ٹکڑے، پانچ ٹوٹی ہوئی پسلیاں، سر میں 15 فریکچر، ٹوٹی ہوئی گردن اور دل پھٹا ہوا پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے 12 سالہ کیریئر میں ایسا کوئی واقعہ نہیں دیکھا۔
چندراکر نے معدنیات سے مالا مال ریاست میں بدعنوانی اور ماؤ نواز بغاوت کے بارے میں رپورٹنگ کی تھی اور مقبول یوٹیوب چینل "بستر جنکشن" چلاتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ صحافی مکیش چندراکر کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے ملزم کو اتوار کی رات حیدرآباد میں گرفتار کر لیا گیا۔ سریش چندراکر جو صحافی کا دور کا رشتہ دار اور ایک ٹھیکیدار ہے، اس قتل کے پیچھے ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ قتل کا انکشاف ہونے کے بعد سے وہ لاپتہ تھا۔
پولیس کے مطابق سریش چندراکر حیدرآباد میں اپنے ڈرائیور کے گھر چھپا ہوا تھا۔ اس کا سراغ لگانے کے لیے، پولیس نے 200 سی سی ٹی وی سے فوٹیج کا جائزہ لیا اور تقریباً 300 موبائل نمبرز کی جانچ کی۔
حکام نے بتایا کہ پولیس فی الحال اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس سے قبل سریش چندراکر سے منسلک چار بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا تھا۔ تین افراد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔