ویب ڈیسک: پولیس نے سوشل میڈیا انفلوینسر اور یوٹیوبر ندیم مبارک، المعروف نانی والا، کو گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف مبینہ طور پر غفلت سے ڈرائیونگ اور سرکاری امور میں مداخلت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ ڈیفنس سی میں درج مقدمہ ٹریفک پولیس اہلکار فہد الرحمٰن کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں غفلت سے ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور کارِ سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹریفک اہلکاروں نے کالے شیشوں والی ایک غیر رجسٹرڈ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے فرار ہونے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر ون وے سڑک پر گاڑی دوڑا دی۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ تعاقب کے دوران ڈرائیور نے گاڑی سے ٹریفک اہلکاروں کو ٹکر مارنے کی کوشش بھی کی۔ ایف آئی آر کے مطابق بعد ازاں گاڑی ڈیفنس فیز 7 میں ایک گھر کے باہر کھڑی کی گئی، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر آن ڈیوٹی ٹریفک اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، غیر معیاری نمبر پلیٹس استعمال کرنے اور غیر قانونی طور پر نیلی یا سبز بتی لگانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔