ویب ڈیسک: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں انتشار اور ہنگامہ آرائی پھیلانے والوں سے مزید کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بدامنی پیدا کرنے والے بعض عناصر شدت پسند سوچ کے حامی ہیں اور ریاستی اداروں کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ مخصوص سیاسی گروہ اور سوشل میڈیا پر سرگرم بعض عناصر آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایکشن کمیٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں جن میں ریاستی اداروں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست شہریوں کو پرامن احتجاج کا مکمل حق دیتی ہے، تاہم قانون کو ہاتھ میں لینے، بلیک میلنگ یا ریاستی نظام کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دریں اثنا، فیصل ممتاز راٹھور نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے موجودہ حالات اور حکومتی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اس سے قبل ان کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔