ایران کا پڑوسی ممالک پر حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی

ایران کا پڑوسی ممالک پر حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی
کیپشن: ایران کا پڑوسی ممالک پر حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی قسم کا حملہ یا میزائل حملہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے حملوں کے باعث اگر کسی پڑوسی ملک کو نقصان پہنچا تو اس پر ایران معذرت خواہ ہے، کیونکہ ایران کا کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

مسعود پزشکیان کے مطابق عبوری قیادت کی کونسل نے اس بات کی منظوری دے دی ہے کہ پڑوسی ممالک کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس وقت تک کسی پڑوسی ملک کو نشانہ نہیں بنائے گا جب تک ان ممالک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں کی جاتی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا اور دشمن کو ایرانی عوام کے عزم کو ختم کرنے کی خواہش دل میں ہی دفن کرنا پڑے گی۔

واضح رہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی میں پڑوسی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی بھی ہوئے تھے۔

Watch Live Public News