ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل سے قبل مچل سینٹنر کا پچ کی تصویر لینا موضوعِ بحث بن گیا

ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل سے قبل مچل سینٹنر کا پچ کی تصویر لینا موضوعِ بحث بن گیا
کیپشن: ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل سے قبل مچل سینٹنر کا پچ کی تصویر لینا موضوعِ بحث بن گیا

ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ کی تصویر کھینچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا فائنل کل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے لیے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔

میچ سے ایک روز قبل پچ کا معائنہ کرنا تو کرکٹ کا معمول ہے، تاہم مچل سینٹنر کی جانب سے پچ کی تصویر لینا کرکٹ حلقوں میں دلچسپی اور بحث کا باعث بن گیا ہے۔ بعض مبصرین اسے میزبان بورڈ پر عدم اعتماد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ فائنل سے قبل آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی پچ کی تصویر لی تھی، اور بعد ازاں آسٹریلیا نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ادھر بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فائنل کے لیے ممکنہ طور پر ایسی پچ تیار کی جا سکتی ہے جو بھارت کے لیے سازگار ثابت ہو، جیسی پچ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف استعمال کی گئی تھی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ فائنل میں پچ کا کردار کس حد تک اثر انداز ہوتا ہے اور آیا نیوزی لینڈ میزبان ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے پاتا ہے یا نہیں۔

Watch Live Public News