ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ہتھیار ڈالے بغیر کسی معاہدے پر بات نہیں ہوگی، جس پر ایرانی صدرمسعود پزیشکیان نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ممالک ایران کو سرنڈر کرانے کی خواہش اپنے ساتھ قبر تک لے جائیں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے سرکاری ٹی وی پر ہنگامی خطاب میں کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا اور اس نے پڑوسی ممالک پر کیے گئے حملوں پر معذرت بھی کی ہے، جبکہ آئندہ کسی ہمسایہ ملک کو نشانہ نہ بنانے کا عندیہ دیا ہے۔
مسعود پزیشکیان نے وضاحت کی کہ ماضی میں کیے گئے حملے دفاعی نوعیت کے تھے اور ان کا ہدف پڑوسی ممالک کی املاک نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور تنصیبات تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو ملک اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی دباؤ کے تحت جھکنا ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ 28 فروری سے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایران نے بھی خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔