ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈر شپ اور گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کو یہ اعزاز اُن کی قیادت، گورننس اور عوامی خدمت کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ یہ تقریب ریاست پہانگ کی ملکہ اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی آئینی سربراہ محترمہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جنہوں نے وزیراعظم کو اعزازی ڈگری پیش کی۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، یونیورسٹی کے منتظمین، اساتذہ، طلباء و طالبات اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملکہ پہانگ نے تقریب سے خطاب کیا۔ دونوں شخصیات نے تعلیم، قیادت، باہمی تعاون اور مسلم دنیا کے مابین تعلیمی و تحقیقی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اس اعزاز کو پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور تحقیق ہی وہ راستہ ہیں جن سے ترقی اور استحکام کی راہیں کھلتی ہیں۔