ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پوسٹس کو غیرقانونی قرار دیکر ہٹانے کی درخواست پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جہاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے جواب طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو دو ہفتوں میں جواب جمع کروانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت دیگر فریقین سے بھی جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نےکیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ٹوئٹس ہٹانے اور بلاک کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں دوران قید ایکس اکاؤنٹ سے مبینہ انتشاری پوسٹس ہٹانے اور انکو پھیلانے سے روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔