(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات کے مطاب ق آج شام کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیرکو تیز ہواؤں کے ساتھ کراچی میں کہیں درمیانی شدت اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، منگل کو کراچی میں تیزہواوں کے ساتھ موسلادھار اور شدید موسلادھار بارشیں ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم دباؤ مزید طاقتور ہوکر ڈپریشن میں شدت اختیار کر گیا، سسٹم اس وقت جنوب مغربی راجستھان (انڈیا) اور ملحقہ سندھ پر ہے۔ اس سسٹم کی وجہ سے صوبہ سندھ پر مون سون ہوائیں مسلسل اثرانداز ہورہی ہیں ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11ستمبر تک تھرپارکر عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، دادو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، کراچی: ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، جامشورو کے اضلاع میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش/گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
11 ستمبر تک لاڑکانہ میں وسیع پیمانے پردرمیانی اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ، موسلا دھار بارش،آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھ، بدین، سجاول، حیدر آباد اور کراچی میں شہری سیلاب، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق کمزور ڈھانچے جیسے چھتوں، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ تمام متعلقہ حکام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ " الرٹ رہیں اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔