ویب ڈیسک: لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے، جبکہ دونوں کرکٹرز کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کے بعد ہوٹل واپسی پر ٹیم کے سیکیورٹی افسر نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون اپنی تحویل میں لے لیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹے بعد فونز واپس کیے گئے، تاہم اس دوران ان کا ڈیٹا کسی اور ڈیوائس یا مقام پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں دونوں کھلاڑیوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ وہ کن افراد سے رابطے میں رہے۔ اگر تحقیقات کے دوران ٹھوس شواہد سامنے آئے تو دونوں کو بھاری جرمانے یا پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ معاملہ سنگین ثابت ہونے کی صورت میں مستقبل میں دونوں کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیے جانے کی اطلاعات کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔