ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتول کے ڈرائیور کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کرنے والی ٹک ٹاکر ماریہ کو سیالکوٹ سے گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر ماریہ واردات کے بعد سے مفرور تھی۔ پولیس نے موبائل نمبر کے ذریعے جدید سگنلنگ سسٹم کی مدد سے ملزمہ کی لوکیشن ٹریس کی اور اسے سیالکوٹ سے گرفتار کیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمہ نے مبینہ طور پر قتل میں ملوث شوٹرز کے ساتھ لوکیشن شیئر کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے ملزمہ کے زیرِ استعمال موبائل فون بھی تحویل میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا ہے۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق موبائل فون کے ابتدائی معائنے کے دوران متعدد تصاویر اور اہم کال ریکارڈز ڈیلیٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیشی ٹیم ڈیٹا ریکوری کے ذریعے حذف شدہ معلومات بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ قتل کی مبینہ سازش میں شامل دیگر افراد تک پہنچا جاسکے۔
پولیس کے مطابق کیس کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔