پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کوتبدیل کرنے کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کوتبدیل کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 43 ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے پر حکم کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر تھوڑا سا جمہوریت کا پاس رکھیں اور اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کریں ، ہربات کے لیے عدالت جانا کوئی اچھی پارلیمانی روایت نہیں ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد عمر نے بھی لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے حکم کو معطل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے سپیکر کا سیاسی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ معطل کر دیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد عمر نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے 43 ایم این اے کی رکنیت بحال ہو گئی ہے ، راجہ ریاض صاحب لیڈر آف اپوزیشن کا کمرہ خالی کرنے کی تیاری کریں ۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کردیا ہے اور 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دیا گیا ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔