ویب ڈیسک: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر آ گئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 93 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کمی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، جس کا فائدہ صارفین کو جنوری کے بلوں میں ملے گا۔ تاہم اس ریلیف کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب نیپرا نے یکم جنوری سے بجلی کے بنیادی نرخ میں اضافے کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 79 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد جنوری 2026 سے بجلی کا اوسط بنیادی نرخ 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے اور اطلاق حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کا اوسط بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے فی یونٹ ہے۔