وزیراعظم کی بینک قرضوں کا عمل آسان بنانے اور نوجوانوں کو کاروباری تربیت دینے کی ہدایت

وزیراعظم کی بینک قرضوں کا عمل آسان بنانے اور نوجوانوں کو کاروباری تربیت دینے کی ہدایت
کیپشن: وزیراعظم کی بینک قرضوں کا عمل آسان بنانے اور نوجوانوں کو کاروباری تربیت دینے کی ہدایت

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کمرشل بینکوں کے ذریعے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کاروباری تربیت فراہم کی جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔

اسلام آباد میں مالیاتی شمولیت، ایس ایم ایز، اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کسانوں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ بینکنگ نظام کے ذریعے قرضوں کی رسائی کو مؤثر اور سہل بنایا جائے، خصوصاً ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کے لیے۔

وزیراعظم نے زراعت میں جدت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر کریڈٹ سہولت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ معیشتوں میں ایس ایم ایز معیشت کی بنیاد سمجھی جاتی ہیں۔

وزیراعظم نے سمیڈا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایس ایم ایز کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے ایس ایم ایز اور چھوٹے کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دسمبر 2025 تک نجی شعبے کے قرض لینے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ قرضوں کا مجموعی حجم 1.1 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے چھوٹے کسانوں کے لیے ڈیجیٹل زرخیز ایپ بھی لانچ کر دی ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ اس پیش رفت کی خود نگرانی کریں گے اور قرضوں کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔

Watch Live Public News