(ویب ڈیسک) ترجمان رائٹ مینجمنٹ پولیس کے مطابق رائٹ مینجمنٹ پولیس (RMP) پرتشدد ہجوم سے نمٹنے کے لیے ضلعی پولیس کی استعداد کار کو مؤثر طور پر مضبوط بنائے گی۔
ترجمان رائٹ مینجمنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ترمیم شدہ قانون کے تحت پرتشدد ہجوم کا رویہ ناقابلِ ضمانت اور قابلِ دست اندازی جرم قرار دے دیا گیا ہے، جس کا ٹرائل سیشن کورٹ میں ہوگا۔پرتشدد ہجوم میں ملوث عناصر کیلئے سزاؤں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس میں 10 سال تک قید اور 1 سے 5 لاکھ روپے جرمانہ شامل ہے۔
ترجمان رائٹ مینجمنٹ پولیس کے مطابق قانون میں ’ رائٹ زون‘ کا تصور متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت نیک نیتی سے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔ رائٹ زون کے تحت سرکاری و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کی وصولی فسادات کے منتظمین اور شرکاء سے کی جا سکے گی۔
ترجمان رائٹ مینجمنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ پرتشدد احتجاج کے منتظمین اور شرپسند عناصر کے لیے سخت اور اضافی سزاؤں کا قانون میں واضح تعین کر دیا گیا ہے۔رائٹ مینجمنٹ پولیس کا قیام پنجاب پولیس کے پیشہ ورانہ، قانونی اور مؤثر امن و امان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔