لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون کا طوفانی اسپیل

لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون کا طوفانی اسپیل
کیپشن: لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون کا طوفانی اسپیل

ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون کا شدید سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا ہے۔ لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، بہاولپور اور لیہ سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہوئیں۔

لاہور کے علاقوں گلبرگ، کلمہ چوک، مغل پورہ، گڑھی شاہو اور لکشمی چوک میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ ہنگو میں بارش نے جل تھل کر دیا، جبکہ ہری پور میں طوفانی بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد سڑکیں بند ہو گئیں۔ کراچی میں ہلکی رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

قلات میں تیز بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

کوہِ سلیمان سے نکلنے والی سات برساتی ندیوں میں طغیانی دیکھی گئی ہے، جبکہ شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں درمیانے درجے کے سیلاب کی اطلاع ہے۔ امدادی ٹیموں نے علاقے میں پھنسے چرواہوں اور مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مریم نواز کا تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم:

وزیراعلیٰ  مریم نواز شریف نےلاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر  تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیدیا۔ 

واسا، پی ڈی ایم اے،لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کو  فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کردی۔انتظامیہ اور واسا کے افسروں کو فیلڈ میں خود نگرانی کرنے کا حکم دیدیا۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو  نشیبی علاقوں سے نکاسی آب  کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کو ٹریفک پلان جاری کرنے اور شہریوں کو بروقت متبادل راستوں سے آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ 

مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بارش کا پانی کھڑا رہنے سے عوام کو ہونے والی دشواری کا بروقت ازالہ کیا جائے۔

Watch Live Public News