ایچ ای سی کا امریکا میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام، جی آر ای ٹریننگ کیلئے درخواستیں طلب

ایچ ای سی کا امریکا میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام، جی آر ای ٹریننگ کیلئے درخواستیں طلب
کیپشن: ایچ ای سی کا امریکا میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام، جی آر ای ٹریننگ کیلئے درخواستیں طلب

ویب ڈیسک: ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) نے امریکی تعاون سے جاری یو ایس۔پاک نالج کوریڈور پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کے تحت جی آر ای جنرل ٹریننگ کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

اس پروگرام کا مقصد پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے باصلاحیت طلبہ کو امریکا کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق جی آر ای تربیتی پروگرام اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں منعقد کیا جائے گا۔ درخواست دہندگان کے لیے کم از کم 16 سالہ تعلیم اور مضبوط تعلیمی ریکارڈ لازمی شرط ہے۔

سرکاری اور پبلک سیکٹر جامعات کے فیکلٹی ممبران کے لیے عمر کی حد 40 سال جبکہ دیگر امیدواروں کے لیے 35 سال مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایچ ای سی کی جی آر ای ٹریننگ مکمل کرنے والے امیدوار اگر ای ٹی ایس امتحان میں 300 یا اس سے زائد اسکور حاصل کرتے ہیں تو انہیں فیس ری ایمبرسمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ایسے امیدوار امریکا کی اعلیٰ درجہ بندی رکھنے والی جامعات میں اسکالرشپ کے لیے بھی زیر غور آئیں گے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ مزید معلومات اور آن لائن درخواست کے لیے امیدوار ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News