بیرونِ ملک تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے ایچ ای سی کا اہم انتباہ

بیرونِ ملک تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے ایچ ای سی کا اہم انتباہ
کیپشن: بیرونِ ملک تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے ایچ ای سی کا اہم انتباہ

ویب ڈیسک: ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ اور ان کے والدین کے لیے اہم عوامی انتباہ جاری کرتے ہوئے داخلے سے قبل متعلقہ تعلیمی پروگرام کی مکمل جانچ پڑتال کی ہدایت کی ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کسی بھی غیر ملکی جامعہ میں داخلہ لینے سے پہلے اس بات کی تصدیق ضرور کریں کہ متعلقہ پروگرام کا طریقۂ تعلیم (Mode of Study) باقاعدہ طور پر منظور شدہ ہے، چاہے وہ آن کیمپس، آن لائن یا بلینڈڈ لرننگ پروگرام ہو۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پروگرام کی منظوری متعلقہ ملک کے مجاز ریگولیٹری ادارے یا ایکریڈیٹیشن باڈی سے ہونا ضروری ہے۔ اگر کسی پروگرام میں جسمانی حاضری، رہائش یا کم از کم تعلیمی مدت پوری کرنے کی شرط عائد کی گئی ہو تو طلبہ کو ان تقاضوں کی مکمل پابندی کرنا ہوگی۔

ایچ ای سی کے مطابق غیر ملکی ڈگریوں کے مساوی (Equivalence) کے لیے موصول ہونے والی ہر درخواست کا انفرادی بنیادوں پر تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس عمل کے دوران یونیورسٹی کی قانونی حیثیت، پروگرام کی منظوری، تدریسی طریقۂ کار، دورانیہ تعلیم اور دیگر متعلقہ شرائط کا باریک بینی سے معائنہ کیا جاتا ہے۔

کمیشن نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ بیرونِ ملک داخلے کا فیصلہ کرنے سے قبل یونیورسٹی اور پروگرام کی منظوری، ایکریڈیٹیشن اور تعلیمی معیار کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ڈگری کی مساوی یا شناخت کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایچ ای سی نے مزید بتایا کہ غیر ملکی ڈگریوں کے مساوی کے لیے درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، جبکہ ہر درخواست کا فیصلہ مقررہ ضوابط اور انفرادی میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

Watch Live Public News