آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو دھاوا بولیں گے: علی امین گنڈاپور

 آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو دھاوا بولیں گے: علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ منافقت کرے اللہ انہیں غرق کرے۔

تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے نظریے کے ساتھ جو بھی منافقت کرے اللہ اسے بھی غرق کرے، بانی پی ٹی آئی حکم دیں تو اگلا قدم وزیراعظم شہباز شریف کا بیڈروم ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا جو حکم ملا تھا وہ ریکارڈ  کرا کر پر امن طریقے سے آگئے، ان کے دھوکے میں مت آؤ، یہ گھبرا گئے ہیں ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں،ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کے دوران آئی جی اسلام آباد میرا فون لے کر گئے، جتنے بھی پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہیں انہیں رہا کرائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو وارننگ دیتا ہوں آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو دھاوا بولیں گے، اس آئی جی نے کے پی حکومت کی ملکیت پر حملہ کیا ہے، ہم دوبارہ اسلام آباد آرہے ہیں کیا آپ سب تیار ہیں?

انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس میں کے پی پولیس کے اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، مجھےاندازہ ہوگیا تھا کہ میری گرفتاری وقار کے ساتھ نہیں ہوگی، ڈی پی او سے بات ہوئی تو اس نے کہا میرے چھوٹے بچے ہیں میرا نام مت لینا ورنہ نوکری چلی جائے گی، اس نے مجھے کہا تھا پشاور پہنچانے کی ضمانت نہیں دے سکتا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اپنے ورکرز کو سلام پیش کرتا جنہوں نے اس ظلم اور فسطائیت کا سامنا کیا، گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا دینا ہے اور وہ دھکا بھی ہم ہی دیں گے۔

Watch Live Public News