ایران کے شدید حملوں کے بعد امریکی فوج نے کویت کا اہم ترین اڈہ 'کیمپ بیورنگ' خالی کر دیا

ایران کے شدید حملوں کے بعد امریکی فوج نے کویت کا اہم ترین اڈہ 'کیمپ بیورنگ' خالی کر دیا

(ویب ڈیسک) امریکی نشریاتی ادارے ' سی بی ایس نیوز' نے سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے جانے والے پے در پے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد امریکی فوج نے کویت میں واقع اپنا اہم فوجی اڈہ ' کیمپ بیورنگ' (Camp Buehring) تقریباً خالی کر دیا ہے، جبکہ حملوں کے نتیجے میں تباہ شدہ اڈے کے مناظر کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگ کے ابتدائی دنوں میں کیمپ بیورنگ پر موجود امریکی فوجیوں کو شدید ایرانی حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جس سے بیس کی عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا۔

حملوں کے بعد بیس کی خوفناک اور تباہ شدہ حالت کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں جس نے پینٹاگون کے اندر کھلبلی مچا دی۔

ایک امریکی فوجی نے وہاں کی صورتحال کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ایرانی حملہ اس قدر شدید تھا کہ فوجیوں کے پاس اپنی جانیں بچانے اور اڈہ خالی کرنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن باقی نہیں بچا تھا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حملوں کے دوران دفاع پر مامور امریکی فوجیوں کے پاس گولہ بارود خطرناک حد تک ختم ہو گیا تھا۔

فضائی دفاع کے لیے استعمال ہونے والے جدید 'پیٹریاٹ میزائلوں' اور دیگر ضروری جنگی سازوسامان کی شدید قلت کے باعث فوج مزید حملوں کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہی تھی۔

حملوں سے قبل کیمپ بیورنگ میں تقریباً 7 ہزار امریکی فوجی تعینات تھے، تاہم حملوں کے بعد انخلاء کے نتیجے میں وہاں اب صرف 100 کے قریب فوجی باقی رہ گئے ہیں۔

مرکزی اڈہ خالی کرنے کے بعد امریکی فوج نے اپنے دستوں کو کویت کے صحرائی علاقوں میں بنائے گئے عارضی فوجی ٹھکانوں میں منتقل کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، خوش قسمتی سے کیمپ بیورنگ پر ہونے والے ان تباہ کن ایرانی حملوں کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔

Watch Live Public News