(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک بھر کے موسم کی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں پر بری ہوائیں براجمان ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔ اس کے باعث میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کا تسلسل برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز منگل ملک کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل بروزبدھ بھی بیشتر میدانی علاقوں میں حبس اور گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر میدانی حصوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا: کالام میں سب سے زیادہ 03 ملی میٹر جبکہ پٹن میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
گلگت بلتستان: بابوسر کے مقام پر 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں پڑی، جہاں سبی اور دادو میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔