امریکا اور ایران جنگ بندی معاہدے کی شرائط کیا ہیں اور آگے کیا ہوگا؟

امریکا اور ایران جنگ بندی معاہدے کی شرائط کیا ہیں اور آگے کیا ہوگا؟
کیپشن: امریکا اور ایران جنگ بندی معاہدے کی شرائط کیا ہیں اور آگے کیا ہوگا؟

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان 40 روز تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی طے پا گئی ہے، جس کے تحت امریکا اور اسرائیل ایران پر حملے روکیں گے جبکہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے کھول دے گا۔

یہ پیش رفت پاکستان کی ثالثی سے ممکن ہوئی، جہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے امن اور خطے کے استحکام کے لیے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

جنگ بندی کی اہم شرائط
معاہدے کے مطابق امریکا دو ہفتوں تک ایران کے خلاف تمام فوجی کارروائیاں معطل رکھے گا، ایران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال کرے گا جبکہ اسرائیل نے بھی ایران کے خلاف حملے روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا تھا، تاہم اب ان میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

مجوزہ 10 نکاتی منصوبہ
عرب میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کیے گئے 10 نکات میں امریکا کی عدم جارحیت کی ضمانت، آبنائے ہرمز میں ایرانی نگرانی میں محدود گزرگاہ، ایران کے جوہری پروگرام کو تسلیم کرنا، تمام پابندیوں کا خاتمہ، اقوامِ متحدہ اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی قراردادوں کا خاتمہ، خطے سے امریکی افواج کا انخلا، جنگی نقصانات کا ازالہ، بیرونِ ملک منجمد اثاثوں کی واپسی اور معاہدے کو عالمی سطح پر قانونی حیثیت دینا شامل ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کسی بھی حتمی معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام اور ذخائر کے مسئلے کو مکمل طور پر حل کیا جائے گا۔

آگے کی صورتحال؟
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں جمعے سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہونے کا امکان ہے، جہاں اس عارضی جنگ بندی کو مستقل امن معاہدے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتے مشرقِ وسطیٰ کے امن، عالمی توانائی منڈی اور خطے کی مجموعی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گے۔

Watch Live Public News