ویب ڈیسک: لاہور پولیس نے بسنت فیسٹیول کے اختتام کے باوجود شہر بھر میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق شہری پتنگ بازی کے دوران قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں سخت چیکنگ جاری رکھی جائے اور شہر بھر میں پتنگ بازی پر کڑی نظر رکھی جائے۔
لاہور پولیس کی جانب سے دکانداروں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت سے باز رہیں، جبکہ پتنگ اور ڈور کی غیر قانونی ترسیل کو قابلِ دست اندازی جرم قرار دیا گیا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر قانونی پتنگ بازی جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد بسنت فیسٹیول کے دوران اور بعد میں ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ شہر بھر میں سخت نگرانی اور چیکنگ کا عمل جاری رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔