وزیر اعظم کا ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

وزیر اعظم کا ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کو ٹیلی فون کیا اور عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ترکی کی حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم کی جانب سے عید کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر ایردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اپنی گفتگو کے دوران ترک صدر نے بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے دعا بھی کی۔ اس تناظر میں، صدر ایردوان نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لیے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ ترکی کے اپنے حالیہ دورے اور ان کی اور ان کے وفد کی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے دوطرفہ تعلقات ،خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں کو تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی اور خوراک کے عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے 7ویں اجلاس میں صدر ایردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔