سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائیاں،10 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائیاں،10 دہشت گرد ہلاک
کیپشن: Security forces
سورس: web desk

ویب ڈیسک:سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف دومختلف کاروائیاں، کارروائی میں دس دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف 8 مارچ کو انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

شمالی وزیرستان ضلع میں ایک اور کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھنے میں آئی، دہشت گرد پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کر دیا جبکہ تین دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

  آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے گی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔