گورنر خیبرپختونخوا کا علی امین گنڈاپور پر سخت تنقید، اپوزیشن کااہم اجلاس طلب

گورنر خیبرپختونخوا کا علی امین گنڈاپور پر سخت تنقید، اپوزیشن کااہم اجلاس طلب
کیپشن: گورنر خیبرپختونخوا کا علی امین گنڈاپور پر سخت تنقید، اپوزیشن کااہم اجلاس طلب

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کی سیاست میں ایک بار پھر گرما گرمی بڑھ گئی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے انہیں ’’میر جعفر‘‘ اور ’’میر صادق‘‘ سے تشبیہ دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے صوبے کے مفادات کو نقصان پہنچایا اور اپنی غیر سنجیدہ طرزِ سیاست سے سیاسی استحکام کو کمزور کیا۔

گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق فیصل کریم کنڈی سے صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عباداللہ نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، انتظامی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کا محور صوبے میں جاری سیاسی تناؤ اور حکومت کی کارکردگی رہا۔

فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کے دوران کہا کہ “ علی امین گنڈاپور نالائق اور کرپٹ تھے، ان کا طرزِ عمل ہمیشہ غیر واضح رہا۔ کبھی وہ ریاست کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کرتے تھے، تو کبھی دہشت گردوں کے مؤقف کی حمایت میں بیانات دیتے تھے۔” انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے نئے نامزد وزیرِ اعلیٰ میں بھی انتظامی صلاحیتوں کی کمی ہے اور خیبر پختونخوا ایک بار پھر سیاسی تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

گورنر نے زور دیا کہ صوبے میں گورننس کی بہتری، امن و امان کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی قیادت کو سنجیدگی دکھانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب وعدوں اور نعروں سے آگے، عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب صوبے کی بدلتی سیاسی فضا کے پیشِ نظر اپوزیشن جماعتوں نے آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں صوبے کی تازہ صورتحال، گورنر کے حالیہ بیانات اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اجلاس آئندہ حکومت سازی یا ممکنہ اتحادوں کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

Watch Live Public News