ایکسپورٹرزکیلئے حکومت کا شاندار ریلیف پیکج،سپر ٹیکس مکمل ختم کرنے کا فیصلہ

ایکسپورٹرزکیلئے حکومت کا شاندار ریلیف پیکج،سپر ٹیکس مکمل ختم کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ایکسپورٹرز کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے سپر ٹیکس کے خاتمے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے، جس کا تفصیلی نوٹیفکیشن فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے جاری کر دیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ترامیم فنانس ایکٹ 2026 کے تحت متعارف کروائی گئی ہیں، جن کا اطلاق ٹیکس ایئر 2027 سے ہوگا۔ ریلیف حاصل کرنے کے لیے برآمدی کارکردگی کی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کےمطابق ٹیکس ایئر 2027 سے ان برآمد کنندگان کو سپر ٹیکس سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا جن کی مجموعی آمدن کا کم از کم 80 فیصد حصہ ایکسپورٹ پروسیڈز پر مشتمل ہو۔ سالانہ 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن رکھنے والے ایکسپورٹرز بھی اس چھوٹ کے حقدار ہوں گے بشرطیکہ وہ 80 فیصد کی برآمدی شرط پوری کریں۔

عام ٹیکس دہندگان کے لیے سپر ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کر دی گئی ہے۔ سالانہ 50 کروڑ روپے سے زائد کمانے والے عام ٹیکس دہندگان سے اب 8 فیصد کے حساب سے سپر ٹیکس وصول کیا جائے گا۔سالانہ 50 کروڑ روپے تک کی آمدن والے عام ٹیکس دہندگان پر عائد سپر ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بینکنگ کمپنیوں اور کھاد (فرٹیلائزر) کی فروخت سے منافع حاصل کرنے والے اداروں پر 10 فیصد سپر ٹیکس کی شرح بدستور برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ ففتھ شیڈول کے تحت آنے والے مخصوص ٹیکس دہندگان بھی 10 فیصد ہی سپر ٹیکس ادا کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سپر ٹیکس کی چھوٹ کا براہِ راست تعلق ایکسپورٹ سے جوڑا گیا ہے تاکہ صرف فعال برآمد کنندگان ہی اس رعایت سے مستفید ہو سکیں۔

Watch Live Public News