پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر برطانیہ کی پابندی کا خیرمقدم

پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر برطانیہ کی پابندی کا خیرمقدم

(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت 8 اسلامک ملکوں نے برطانیہ کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

مشترکہ بیان میں پاکستان، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ  نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے اشیا کی درآمد پر پابندی قابلِ تحسین ہے،۔

8 ممالک  نے عالمی برادری سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف مزید ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ آبادکاری کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں اور افراد کو جوابدہ بنایا جائے، کینیڈا، برطانیہ اور یورپی ممالک کی اسرائیلی بستیوں سے تجارت محدود کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے متعلق اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہیں۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ریاستیں اسرائیلی قبضے سے پیدا صورتحال کو قانونی تسلیم نہ کریں،ریاستیں اسرائیلی قبضے کو برقرار رکھنے میں مدد یا معاونت فراہم نہ کریں، اسرائیل آبادکاری سے متعلق تمام اقدامات واپس لے، مقبوضہ فلسطینی علاقے کا جغرافیائی و آبادیاتی کردار تبدیل کرنے کی کوششیں روکی جائیں۔

غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا لازمی حصہ ہے،غزہ تنازع ختم کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے پر مکمل اور فوری عملدرآمد کیا جائے،غزہ میں سکیورٹی، استحکام، انسانی صورتحال اور تعمیر نو یقینی بنائی جائے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پائیدار اور جامع امن کا واحد قابلِ عمل راستہ دو ریاستی حل ہے،آزاد، خودمختار، متصل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے،فلسطینی ریاست 4 جون 1967 کی سرحدوں پر قائم اوربیت المقدس اس کا دارالحکومت ہو،فلسطین کے مسئلے کا حل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

Watch Live Public News