آئرلینڈ کا 2026 کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام، پاکستانی طلبہ کے لیے بڑا موقع

آئرلینڈ کا 2026 کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام، پاکستانی طلبہ کے لیے بڑا موقع
کیپشن: آئرلینڈ کا 2026 کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام، پاکستانی طلبہ کے لیے بڑا موقع

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنا طلبہ کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے، تاہم یورپ کے بعض ممالک تعلیمی مواقع کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہی ممالک میں آئرلینڈ بھی شامل ہے، جہاں حکومت نے تعلیمی سال 2026 کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ 

یہ اسکالرشپ پروگرام ان طلبہ کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو معیاری اور عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں لیکن مالی وسائل کی کمی ان کے لیے رکاوٹ بن جاتی ہے۔ آئرش حکومت کی جانب سے دی جانے والی یہ اسکالرشپس یورپی یونین اور نان ای یو ممالک کے طلبہ کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہوں گی۔

اس پروگرام کے تحت انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ایم ایس سے پی ایچ ڈی تک کے مختلف پروگرامز بھی اسکیم کا حصہ ہوں گے۔

منتخب طلبہ کو تعلیم کے ساتھ رہائش اور روزمرہ اخراجات کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اسکالرشپ میں سالانہ وظیفہ، مکمل یا جزوی ٹیوشن فیس اور تحقیق کے لیے اضافی فنڈز شامل ہیں تاکہ طلبہ اپنی تعلیم اور تحقیق پر بھرپور توجہ دے سکیں۔

تفصیلات کے مطابق منتخب امیدواروں کو سالانہ 19 ہزار یورو بطور وظیفہ دیے جائیں گے، جبکہ 5 ہزار 750 یورو تک سالانہ ٹیوشن فیس مکمل طور پر ادا کی جائے گی، جس میں نان ای یو طلبہ کی فیس بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے سالانہ 3 ہزار 250 یورو بھی فراہم کیے جائیں گے۔

یہ اسکالرشپ صرف سائنسی مضامین تک محدود نہیں بلکہ انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بزنس، سماجی علوم، آرٹس اور ہیومینٹیز سمیت مختلف شعبہ جات کا احاطہ کرتی ہے، تاکہ ہر تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس پروگرام میں آئرلینڈ کی متعدد عالمی شہرت یافتہ جامعات شامل ہیں، جن میں ٹرینٹی کالج ڈبلن، یونیورسٹی کالج ڈبلن، یونیورسٹی کالج کارک، یونیورسٹی آف لِمرک، مینوتھ یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف آئرلینڈ گیل وے، ڈبلن سٹی یونیورسٹی، ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی ڈبلن اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئرلینڈ میں تعلیم حاصل کرنے سے طلبہ کو یورپ میں بہتر کیریئر مواقع بھی میسر آ سکتے ہیں۔

دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 مارچ 2026 تک آئرش حکومت کے آفیشل آن لائن اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔

درخواست دینے سے قبل اہلیت کے معیار، کورس کی شرائط اور متعلقہ تعلیمی اداروں کی گائیڈ لائنز کا بغور مطالعہ ضروری قرار دیا گیا ہے۔

طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بروقت تیاری شروع کریں، اپنی تعلیمی اسناد، ریسرچ پروپوزل اور زبان کی اہلیت سے متعلق تقاضے مکمل رکھیں تاکہ آخری تاریخ سے قبل کامیابی سے درخواست جمع کروائی جا سکے۔

جامع مالی معاونت اور عالمی معیار کی جامعات تک رسائی کے باعث آئرش گورنمنٹ اسکالرشپ پروگرام 2026 بین الاقوامی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News