(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کردی جس کا بہادرافواج نے تاریخی جواب دیا، جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑگئے، ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا۔
آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے معرکہ حق میں فتح عطا کی، مادر وطن کے تحفظ کےلیےجام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر بے بنیاد الزامات لگائے۔ ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کردی جس کا بہادرافواج نے تاریخی جواب دیا، جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑگئے، ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا،دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا، میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یوم معرکہ حق ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائےگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہےگی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
امریکا ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کےخاتمے کے لیےکردارادا کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ جنہوں نے معرکہ حق میں سیاسی،سفارتی اور اخلاتی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک ایران میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، ہم نے 1979 کے بعد انہیں مذاکرات پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نے ابھی بتایا کہ ایران کا جواب موصول ہوگیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کے لیے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے ہر سطح پر آواز بلندکی ہے۔