بھارتی کرکٹر نے لگاتار 8 چھکے لگا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا

بھارتی کرکٹر نے لگاتار 8 چھکے لگا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا
کیپشن: بھارتی کرکٹر نے لگاتار 8 چھکے لگا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹر اکاش کمار چودھری نے رانجی ٹرافی کے ایک شاندار میچ میں ناقابلِ یقین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

انہوں نے لگاتار آٹھ چھکے مار کر نہ صرف کرکٹ کے دو عظیم کرکٹرز، سر گارفیلڈ سوبرز اور روی شاستری کا برسوں پرانا ریکارڈ توڑ دیا، بلکہ صرف 11 گیندوں پر فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری بھی مکمل کی۔

یہ شاندار کارکردگی بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں میگھالیہ اور اروناچل پردیش کے درمیان رانجی ٹرافی پلیٹ گروپ کے میچ کے دوسرے دن سامنے آئی۔ میگھالیہ کی ٹیم جب 576 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی، تو 25 سالہ اکاش نے نمبر آٹھ پر بیٹنگ کا آغاز کیا۔

ابتداء میں چند سنگلز لینے کے بعد، اکاش نے بائیں ہاتھ کے اسپنر لیمار دابی کے ایک اوور میں لگاتار چھ چھکے مارے، جس سے انہوں نے سر گارفیلڈ سوبرز (1968) اور روی شاستری (1985) کے ریکارڈز توڑ ڈالے۔ اگلے اوور میں، آف اسپنر ٹی این آر موہت کی دو ابتدائی گیندوں پر بھی اکاش نے دو چھکے جڑ دیے، یوں وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں آٹھ لگاتار چھکے مارنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

میگھالیہ کی ٹیم نے 629 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی، اس وقت اکاش چودھری 14 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین واپس لوٹے۔

Watch Live Public News