عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھہ کی گمشدگی پر وزارت دفاع سے رپورٹ طلب

عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھہ کی گمشدگی پر وزارت دفاع سے رپورٹ طلب
کیپشن: عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھہ کی گمشدگی پر وزارت دفاع سے رپورٹ طلب

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجھوتھ کی بازیابی کی درخواست پر وزارت دفاع سے رپورٹ طلب کرلی۔

ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن انتظار پنجھوتھ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ آئی جی اسلام آباد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وکیل نے بتایا کہ انتظار پنجھوتھ کی آخری لوکیشن ایف 6 ہے جس کے بعد معلوم نہیں کہاں گئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آخری لوکیشن کس جگہ کی ہے؟

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم بنائی ہے ایس ایس پی انویسٹیگیشن سربراہی کریں گے ، ڈیجیٹل سرویلینس ، سیف سٹی کیمروں سے ہم نے کوشش کی ہے، ایف 6 اور ایوب چوک کے کیمروں میں انتظار پنجوتھہ کی گاڑی نظر آتی ہے ، یہ بھی معلوم ہوا ہے مرزا آصف ایڈووکیٹ کے ساتھ وہ فیض آباد تک گئے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ایک موبائل نمبر سامنے آیا ہے جو واٹس ایپ پر ہے ، واٹس ایپ لوکیشن ہم آئی بی سے لیتے ہیں ابھی کچھ معلوم نہیں ، آخری دفعہ گاڑی ایوب چوک دیکھی گئی ہے ، جبکہ وکیل مرزا آصف کے بیان کے مطابق وہ آخری دفعہ فیض آباد تھے ، ہم نے دیگر آئی جیز کے ساتھ گاڑی اور موبائل نمبر بھی شیئر کیا ہے۔

چیف جسٹس کہا کہ آئی جی صاحب یہ کیوں ہو رہا ہے ؟ اس پر آگاہ کریں، وزارت دفاع سے رپورٹ منگواتا ہوں، اس کا مجاز افسر بھی بلاتا ہوں ، رپورٹ منگوا کر کل کے لئے کیس رکھ رہا ہوں۔

وکیل نے کہا کہ ہمیں تو امید تھی کہ آئی جی صاحب انتظار پنجوتھہ کو لے کر آئیں گے۔ اس پر چیف جسٹس بولے کہ اگر آئی جی صاحب کے پاس کوئی ایسی چھڑی ہوتی تو وہ لے آتے۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھہ کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔

کوہسار پولیس نے انتظار حسین کے لاپتہ ہونے پر ان کے اغوا کا مقدمہ درج کیا۔ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں مدعی پولیس افسر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی گئی جس کے مطابق انتظار حسین 8 اکتوبر سے لاپتہ ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہو رہا۔

Watch Live Public News