ڈونلڈ ٹرمپ 2025 کا نوبیل امن انعام حاصل کرنے میں ناکام

ڈونلڈ ٹرمپ 2025 کا نوبیل امن انعام حاصل کرنے میں ناکام

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2025 کا نوبیل امن انعام حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے۔ متعدد ممالک، بشمول پاکستان، نے انہیں اس عالمی اعزاز کے لیے نامزد کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس انعام کے لیے پرامید تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ اگر مجھے یہ انعام نہیں دیا جاتا تو یہ ہمارے ملک کی بہت بڑی توہین ہو گی،  تاہم نوبیل کمیٹی نے اس سال کا امن انعام وینزویلا کی معروف جمہوری رہنما ماریا کورینا مچاڈو کو دینے کا فیصلہ کیا جو اپنے ملک میں آمریت کے خلاف جمہوریت، انسانی حقوق اور پرامن سیاسی جدوجہد کی علامت بن چکی ہیں۔

نوبیل امن انعام کے حالیہ اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس نے اس بات پر ردِعمل ظاہر کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بار پھر یہ انعام نہیں دیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ امن معاہدے کرتے رہیں گے، جنگوں کا خاتمہ کریں گے اور انسانی جانیں بچائیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن اسٹیون چونگ نے نوبیل کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے واضح ہوتا ہے کہ کمیٹی نے امن پر سیاست کو ترجیح دی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں کئی اہم سفارتی اقدامات کیے گئے جنہوں نے مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں امن کے امکانات کو بڑھایا، تاہم نوبیل کمیٹی نے ایک بار پھر ان کی کوششوں کو تسلیم نہیں کیا۔

دوسری جانب  سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، سینئر صحافی اور اینکر حامد میر نے کہا کہ ماریہ نے متعدد دھمکیوں کے باوجود اپنا ملک چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

 جمہوریت اُن لوگوں پر انحصار کرتی ہے جو خاموش رہنے سے انکار کرتے ہیں، جو شدید خطرات کے باوجود آگے بڑھنے کی جرأت دکھاتے ہیں، اور جو ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ آزادی کو کبھی بھی معمولی نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اسے ہمیشہ الفاظ، حوصلے اور عزم کے ساتھ بچانا اور قائم رکھنا چاہیے۔

 صحافی اجمل جامی نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ جا اپنی حسرتوں پہ آنسو بہا کہ سو جا، استاد ٹرمپ کے نام۔

واضح رہے کہ اس سال نوبیل امن انعام کے لیے 300 سے زائد افراد اور تنظیموں کو نامزد کیا گیا تھا۔ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کا نام ایک مضبوط امیدوار کے طور پر لیا جا رہا تھا، لیکن وہ امن انعام حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے۔

Watch Live Public News