ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اور مشہور ٹک ٹاکر ایمن زمان نے اپنے شوہر مجتبیٰ لاکھانی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ خبر سوشل میڈیا پر اس وقت گردش کرنے لگی جب ایمن زمان نے اپنے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس سے شادی کی تمام تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں۔
ایمن زمان ایک ورسٹائل ماڈل، اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار ہیں جو اب تک جنت سے آگے، چندا، بےلگام، ہانیہ، کچا دھاگا، انعامِ محبت اور سوتیلی ممتا جیسے ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ وہ ٹک ٹاک پر 7.6 ملین اور انسٹاگرام پر 1.5 ملین فالوورز کے ساتھ ایک بڑی فین فالوونگ رکھتی ہیں۔

حالیہ دنوں میں ایمن زمان نے انسٹاگرام پر "سوال جواب سیشن" رکھا، جہاں مداحوں نے ان کی ازدواجی زندگی کے بارے میں سوالات کیے۔ اسی سیشن میں اداکارہ نے پہلی بار تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر چکی ہیں۔ اگرچہ انہوں نے براہِ راست مجتبیٰ لاکھانی کا نام نہیں لیا، تاہم ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنے شوہر پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا۔

دوسری جانب، مجتبیٰ لاکھانی نے بھی انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کا رشتہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ابھی کاغذی کارروائی مکمل نہیں ہوئی، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شادی ختم ہو چکی ہے۔ کس نے کس کو دھوکا دیا، یہ خدا بہتر جانتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "مرد چاہے قصور وار ہوں یا نہیں، وہ کبھی رشتہ ختم کرنے کے خواہش مند نہیں ہوتے۔ میں نے بھی ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی ہے، مگر نصیب میں کیا لکھا ہے، اس کا فیصلہ صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔"
واضح رہے کہ ایمن زمان اور مجتبیٰ لاکھانی کی شادی گزشتہ برس فروری میں ہوئی تھی۔ اس اچانک علیحدگی کی خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس موضوع پر بحث جاری ہے۔