ویب ڈیسک:تھانہ روات کے علاقے میں برساری نالے سے خاتون اسکول ٹیچر کی لاش کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ مقتولہ کا شوہر ہی قاتل نکلا۔ پولیس نے شوہر اور جعلی عامل کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کی شناخت شوہر امین اور جعلی عامل اسرار کے نام سے ہوئی ہیں۔ جنہوں نے مقتولہ (ق) کو قتل کیا۔
پولیس تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مقتولہ اور اس کا شوہر عرصہ دراز سے جعلی عامل کے پاس آرہے تھے اور مبینہ طور پر جعلی عامل نے مقتولہ سے بھاری مالیت کے زیورات اور نقدی ہتھیا لی تھی۔ تاہم زیورات اور نقدی کی واپسی کے تقاضے پر شوہر مقتولہ سے بدظن ہوگیا اور اس نے جعلی عامل کے ساتھ ملی بھگت سے قتل کا منصوبہ بنایا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان مقتولہ کو عملیات کے بہانے اپنے ساتھ لے گئے اور پہلے تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر جان لے لی اور لاش کو وہیں دفن کردیا۔
اپنے جرم کو چھپانے کیلئے ملزمان نے گزشتہ سال دسمبر میں خاتون کے اغواء کا جعلی مقدمہ درج کروادیا۔ تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ تفتیش کے بعد حقیقت کو آشکار کیا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملزمان کتنے ہی چالاک کیوں نہ ہوں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ ان کے خلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور جلد انہیں عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔