ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈپٹی رجسٹرار سمیت دیگر کے خلاف ازخود نوٹس کے تحت دائر توہین عدالت کیس کی آج ہونے والی سماعت مؤخر کر دی گئی۔ عدالت کی جانب سے جاری کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی رخصت کے باعث آج کے تمام متعلقہ کیسز کی سماعت نہیں ہو سکی۔ از خود نوٹس کے تحت دائر یہ توہین عدالت کیس آج عدالت کے روبرو مقرر تھا۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف زیر التوا توہین عدالت کیس کو بغیر مناسب قانونی جواز کے دوسری عدالت کو منتقل کر دیا گیا، جس پر عدالتی عملے کے کردار پر سوالات اٹھے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے اب کیس کی نئی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی، جبکہ اس معاملے میں ممکنہ انتظامی بے ضابطگیوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔