بجٹ میں تنخواہ دارطبقے کو ریلیف،بجلی مزیدسستی،وزیرخزانہ نے خوشخبری سنادی

بجٹ میں تنخواہ دارطبقے کو ریلیف،بجلی مزیدسستی،وزیرخزانہ نے خوشخبری سنادی
کیپشن: بجٹ میں تنخواہ دارطبقے کو ریلیف،بجلی مزیدسستی،وزیرخزانہ نے خوشخبری سنادی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عندیہ دیا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ایک جامع پروگرام پر کام کر رہی ہے، جبکہ جولائی یا اس سے قبل بجلی کے نرخوں میں مزید کمی پر بھی سنجیدگی سے غور جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے تیار کیے گئے ریلیف پروگرام کی تفصیلات فی الحال میڈیا سے شیئر نہیں کی جا سکتیں۔ ان کے مطابق، یہ تفصیلات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر کی جائیں گی تاکہ اسٹاف لیول معاہدے کے تحت اسے بجٹ کا حصہ بنایا جا سکے۔

بجٹ کی تیاری، تجاویز اور شفافیت
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئندہ بجٹ کے لیے سرکاری و نجی شعبے سے 98 فیصد تجاویز موصول ہو چکی ہیں، جن پر حکومت دونوں شعبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن تجاویز پر عمل درآمد ممکن نہ ہو سکا، ان کی وجوہات متعلقہ شعبہ جات کو واضح کر دی جائیں گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے سے قبل تمام متعلقہ فریقین کو یہ اطلاع دی جائے گی کہ کن تجاویز کو شامل کیا گیا ہے اور کن کو مؤخر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی 2025 کو بجٹ کو حتمی شکل میں نافذ کر دیا جائے گا، اور اس کے بعد کسی قسم کی ترمیم نہیں کی جائے گی، تاکہ بروقت عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

 آئی ایم ایف، ٹیکس اصلاحات اور تاجر برادری

محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ مئی میں اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیشتر اہداف پورے کر لیے گئے ہیں، اگرچہ کچھ اہداف میں تاخیر ضرور ہوئی، مگر انہیں بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں سے ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے، تاہم واضح کیا کہ "تاجر دوست اسکیم" کو صرف ٹیکس وصولی کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

مزید یہ کہ وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ ٹیکس پالیسی کا شعبہ رواں سال وزارت خزانہ کے ماتحت کام شروع کر دے گا، جبکہ ٹیکس دہندگان کے لیے آسان اور قابل فہم ٹیکس فارم بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ہر فرد خود اسے بھر سکے۔

Watch Live Public News