ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمدرضوان نے اہم انکشاف کرتے ہوئےمداحوں کو چونکا دیا، محمد رضوان نے کہا ہے کہ مجھے انگریزی نہیں آتی، افسوس ہے کہ تعلیم مکمل نہیں کرسکا جس کی وجہ سے انگلش نہیں آتی لیکن اس بات پر کوئی شرمندگی نہیں کہ پاکستان کا کپتان ہو کر انگلش نہیں بول سکتا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران رضوان نے پی ایس ایل سمیت متعدد معاملات پر کھل کر بات کی، کہا کہ مجھے اس پر فخر ہے کہ جو بات کرتا ہوں دل سے کرتا ہوں، مجھے انگلش نہیں آتی ، افسوس اتنا ہے کہ میری تعلیم زیادہ نہیں لیکن مجھے اس بات کی شرمندگی نہیں کہ میں پاکستان کا کپتان ہوں اور مجھے انگلش نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے مطالبہ کرکٹ کھیلنے کا ہے، انگلش بولنے کا نہیں، افسوس اس بات کا ہے میں تعلیم پوری نہیں کرسکا جس کی وجہ سے میں انگلش نہیں بول سکتا، میرا پاکستان مجھ سے کرکٹ مانگ رہا ہے، انگلش نہیں مانگ رہا، انگلش مانگتا تو میں پروفیسر بن جاؤں گا اور انگلش سیکھ کر آجاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر اوقات مجھے لگتا ہے کہ میں اتنی انگریزی بول سکتا ہوں کہ ایک انگریز کو سمجھا سکتا کہ میں کیا بات کررہا ہوں، کوئی انگریز آئے گا اس کو سمجھا بھی دوں گا، گھما بھی دوں گا ، اس کو میری انگریزی میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، مسئلہ ان کو ہی ہوگا جن کو مجھ سے ناراض رہنا ہوتا ہے۔
محمد رضوان نے ناقدین سے کہا کہ پاکستان ٹیم پر تنقید ضرور کریں لیکن ٹیم کی اصلاح بھی کریں اور سمجھائیں کہ چیزیں کیسے بہتر کرنا ہے۔