انسدادِ دہشتگردی عدالت کا علیمہ خان کے 20 لاکھ کے مچلکے ضبط کرنے کا حکم

انسدادِ دہشتگردی عدالت کا علیمہ خان کے 20 لاکھ کے مچلکے ضبط کرنے کا حکم
کیپشن: انسدادِ دہشتگردی عدالت کا علیمہ خان کے 20 لاکھ کے مچلکے ضبط کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عدم پیشی پر علیمہ خان کے 20 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے اور وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں وہ عدالت میں پیش ہو گئیں، تاہم عدالت نے اپنے جاری کردہ احکامات برقرار رکھے۔

علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد کے 26 نومبر کے مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے ملزمہ کے خلاف وارنٹ گرفتاری، مچلکوں کی ضبطی اور توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے علیمہ خان کی مسلسل عدم پیشی اور ان کے وکلا کی غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور پراسیکیوٹر کی درخواست منظور کرتے ہوئے کارروائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ان کے دو ضامنوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالتی احکامات کی بار بار خلاف ورزی پر علیمہ خان کو توہینِ عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا گیا، جبکہ مقدمے کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

Watch Live Public News